9 فروری 2026 - 16:09
سانحہ اسلام آباد ریاستی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت، کالعدم تنظیموں کو کھلی چھوٹ دی گئی، علامہ مقصود علی ڈومکی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت و صوبائی آرگنائزر سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پر حملہ حکومت اور ریاستی اداروں کی سنگین نااہلی اور ناکامی کا واضح ثبوت ہے، جبکہ کالعدم دہشت گرد تنظیمیں پورے ملک میں کھلے عام نفرت انگیز سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت و صوبائی آرگنائزر سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی نے دیگر علمائے کرام علامہ محمد ایوب عارفی، علامہ ارشاد علی سولنگی، مولانا دھنی بخش جعفری، حافظ عبدالقادر جعفری اور مولانا عادل علی جلبانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اسلام آباد ملکی تاریخ کا ایک نہایت دردناک اور افسوسناک واقعہ ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بدقسمتی سے کالعدم دہشت گرد تنظیمیں ملک کے طول و عرض میں کھلے عام جلسے، جلوس اور نفرت انگیز سرگرمیاں کر رہی ہیں، اور انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض ریاستی اداروں کی مبینہ سرپرستی کے باعث ان تنظیموں کو اسلام آباد سے کراچی تک فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کی کھلی آزادی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے اور یہ قومی منصوبہ محض کاغذی کارروائی بن کر رہ گیا ہے۔ ملک بھر میں کالعدم جماعتوں کے جھنڈے، بینرز اور وال پوسٹرز موجود ہیں، جو ریاستی اداروں کی چشم پوشی کا واضح ثبوت ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر آج ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف یومِ احتجاج منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ایک بار پھر پاکستان کو دہشت گردی اور فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں، مگر پاکستان کے شیعہ اور سنی متحد ہیں اور مل کر اس ملک کو نفرت، دہشت گردی اور انتشار سے بچائیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی ریاستی سرپرستی فوری طور پر ختم کی جائے، حکومت کالعدم جماعتوں کی ہر قسم کی حمایت بند کرے، سانحہ اسلام آباد کے مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور دہشت گردوں کے مالی معاونین و سرپرستوں کو بے نقاب کیا جائے۔

آخر میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سانحہ اسلام آباد کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور شہداء کے لواحقین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha